اب بغیر کسی وجہ کے ڈراپ کیا تو چُپ نہیں رہوں گا ، عماد وسیم

101

پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راونڈر عماد وسیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والی سیریز کے اسکواڈ میں نام نہ آنے پر سلیکٹرز اور دبے لفظوں میں کپتان کو آڑے ہاتھوں لیا ہے ۔ ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں سلیکٹ نہ کیے جانے پر آل راونڈر عماد وسیم کا کہنا تھا کہ

مجھے سلیکٹرز کی جانب سے بلاوجہ ڈراپ کیا گیا تو اب کی بار میں چپ نہیں رہوں گا ۔ اور مجھے معلوم ہے کہ کون کون میری قومی ٹیم میں شمولیت پر خوش نہیں ہے ۔ عماد کا مزید کہنا تھا کہ ایک سال سے زائد مجھے جان بوجھ کر ٹیم سے دور رکھا گیا ، میں ان سے بار بار وجہ بھی پوچھتا تھا مگر کچھ نہیں بتایا جاتا تھا ، لیکن اب کی بار میں خاموش نہیں رہنے والا ۔

عماد وسیم کا مزید کہنا تھا کہ میں اپنے کیرئیر میں اس وقت عمر کے اس حصے میں پہنچ چکا ہوں کہ اگر بورڈ نے مجھے خود یا کسی کے کہنے پر بغیر کسی وجہ کے پلیئنگ الیون میں شامل نہیں کیا تو میں اپنی جنگ خود لڑوں گا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ٹیم سے دور رہتے ہوئے کبھی کوئی مالی نقصان نہیں ہوا، درحقیقت میں نے پاکستان کے لیے کھیلتے ہوئے جتنا کمایا ہوگا اس سے 10 گنا زیادہ خرچ کیا ہے۔