یہ کھلاڑی پاکستانی کرکٹ ٹیم کا چاند ہے ، ضرور لیجنڈ بنے گا۔۔ ثقلین مشتاق
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے کہا کہ بابر اعظم چاند ہے اور آگے چل کر ایک لیجنڈ کھلاڑی بنے گا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم دنیا کے نمبر ون بلے باز ہیں۔انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی کھلاڑی بلا خوف پاکستان آئیں، پورا پاکستان کرکٹ کو خوش آمدید کہتا ہے اور پاکستان کی مہمان نوازی کو دنیا بھر میں تسلیم کیا جاتا ہے۔ ثقلین مشتاق کا کہنا تھا کہ محمد حسنین کے بولنگ ایکشن پر کام ہو رہا ہے، ان کے بارے میں جلد اچھی خبر سننے کو ملے گی، پاکستان کے پاس بہت سے اچھے اسپنرز ہیں، تھوڑا سا خلا ہے، لیکن جلد اچھے اسپنرز آنے والے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف حکمت عملی گراؤنڈ پر نظر آئے گی۔ثقلین مشتاق کا کہنا تھا کہ وہ بھی شروع میں مختصر مدت کے لیے کوچ بنے، اب محمد یوسف آگئے ہیں۔ کنٹریکٹ بڑھانا یا کم کرنا پی سی بی اور محمد یوسف کا معاملہ ہے۔ محمد یوسف مستقل طور پر آئیں تو بڑا نام ہے۔ اگر ایسا ہے تو اسے اور ٹیم کو اس سے بہت فائدہ ہوگا۔ہیڈ کوچ نے کہا کہ ہمارے لیے ہوم ایڈوانٹیج ہے لیکن آسٹریلیا مضبوط ٹیم ہے۔ ان کے خلاف صرف فائدہ ہی کافی نہیں ہوگا۔خیال رہے کہ پاکستان ٹیم کا تربیتی کیمپ 23 فروری تک کراچی میں جاری رہے گا۔